مہاراشٹرا کے معروف عالم دین مولانا حبیب الرحمن قاسمی کا انتقال
صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی نے گہرے دکھ کا اظہار کیا
نئی دہلی ۲۸؍جولائی ۲۳ ء:جنوبی ہندکی معروف شخصیت حضرت مولانا حبیب الرحمن صاحب قاسمی (صدر جمعیۃ علماء مرہٹوارہ ومہتمم جامعہ اشرفیہ اود گیر ضلع لاتور ) آج بتاریخ ۲۸جولائی ۲۰۲۳ء بروز جمعہ بوقت صبح 84 سال کی عمر میں وفات پاگئے ( انا للہ و انا الیہ راجعون)۔ مولانا موصوف مرہٹوارہ میں جمعیۃ علماء کے اہم رہ نما تھے اورخطہ میں ساٹھ سالوں تک دینی ، ملی اور مذہبی میدان میں قائدانہ کردا ر ادا کیا ۔
ان کی وفات حسر ت آیات پر جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے گہرے رنج و الم کا اظہار کیا ہے اور اہل خانہ کو تعزیتی مکتوب لکھ کر صبر و استقامت کی تلقین کی ہے۔مولانا مدنی نے بتایا کہ مولانا مرحوم حضرت شیخ الاسلام مولانا سیدحسین احمد مدنی نور اللہ مرقدہ کے شاگرد اور ان کے قریبی جانثاروں میں سے تھے۔ان کی پوری زندگی جہد مسلسل سے عبارت تھی۔ فدائے ملت حضرت مولانا سید اسعدمدنی نوراللہ مرقدہ سے ان کا اصلاحی تعلق تھا ، قوم و ملت کا درد، ہمدردی،رہنمائی ،بہادری وبیباکی آپ کو اپنے استاذ محترم حضرت مدنیؒ سے ملی تھی۔
آپ صفاتِ خیر کے جامع تھے ،تقویٰ ، عبادت ، اخلاص ، اتقان ، غم خواری اور بے شمار اوصاف حمیدہ کے مالک تھے۔ایک زمانے تک اودگیر نگر پریشد کے کونسلر رہے۔ جمعیۃ علماء کے پلیٹ فام سے انھوں نے بے شمار خدمات انجام دیں، جمعیۃ علماء کی تحریک کو پورے مراہٹوارہ حلقہ میں متعارف کیا اور ضلع سے لے کر مقامی یونٹوں کے قیا م میں قائدانہ کردار ادا کیا ۔ان کی جملہ خدمات کا اجر تو اللہ رب العزت کے پاس ہے۔ ان کی وفات سے بڑا دینی وملی خسارہ ہوا ہے۔
مصیبت کی اس گھڑی میں ہم مولانا مرحوم کے پسماندگان خاص طور پر صاحب زادے مولانا عزیزالرحمن صاحب، مولانا عطاء الرحمن صاحب ،جناب فضل الرحمن صاحب، دونوں صاحبزادیاں ور اہلیہ سمیت دیگرمتعلقین و لواحقین ،جامعہ کے اساتذہ اور طلبہ سے تعزیت مسنونہ کرتے ہیں ۔ دعاء ہے کہ اللہ تعالی حضرت مولانا مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے ، جنت الفردوس میں اعلی مقام عطاء فرمائے۔اس موقع پر ارباب مدارس اور جمعیۃ علماء کے جمیع احباب سے خصوصی پیل ہے کہ وہ مولانا مرحوم کیلئے ایصال ثواب اور دعائے مغفرت کا اہتمام کریں۔آج بعد نماز جمعہ دفتر جمعیۃعلماء ہند میں ان کے لیے دعائے مغفرت و ایصال ثواب کا اہتمام کیا گیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مدیر محترم !
اس پر یس ریلیز کو شائع فرما کر شکر گزار کریں
نیاز احمد فاروقی
سکریٹری جمعیۃ علماء ہند
Related Press Releases