Former Office Secretary of Jamiat Ulama-i-Hind passed away

جمعیۃ علماء ہند کے سابق ناظم دفتر مولانا محمد یوسف خاں کے انتقال پر

صدر جمعیۃ علماء ہند کا اظہار تعزیت

 نئی دہلی : ۲۹؍مئی :جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی و ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی نے جمعیۃ علماء ہند کے سابق ناظم دفتر مولانا محمدیوسف خا ں قاسمی کے سانحہ ارتحال پر گہرے رنج و الم کا اظہار کیا ہے ۔ مولانا موصوف دارالعلوم دیوبند کے قدیم فاضل تھے ۔ آبائی وطن فرید پور میرٹھ یوپی تھا ، ان کی عمر تقریبا ۸۰ سال تھی ۔

سابقاًانڈین آرمی میں نائب صوبہ دار اور امامت کی ذمہ داری پر مامور تھے ۔ سبکدوش ہونے کے بعد دفتر جمعیۃ علماءہند سے وابستہ ہوئے، جہاں وہ ناظم محاسبی اور ناظم دفتر جمعیۃ علماء ہند مقرر ہوئے ۔ اپنی شرافت طبع ،اصول پسندی، سادگی اور ایمانداری کی وجہ سے معروف تھے۔جمعیۃ علماء ہند کےسابق صدر حضرت امیر الہند مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری ؒ کے ساتھ زمانہ طالب علمی سے بہت گہرا تعلق تھا۔ اسی طرح جمعیۃ علماء ہند کے سابق نائب صدر اور سابق استاذ دارالعلوم دیوبند حضرت مولانا ریاست علی بجنوری ؒ سے بھی انس و محبت اور عقیدت کا تعلق رکھتے تھے ۔جمعیۃ علماء ہند کے دفتر میں انھوں نے طویل عرصے تک ایمانداری او ر اصول پسندی کے ساتھ ملازمت کی۔آج دہلی کے اسکوٹ ہسپتال نئی دہلی میں مختصر علالت کے بعد وصال فرماگئے۔

صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی نے جمعیۃ علماء ہند کے خدام اور دفتر کے تمام احباب کی طرف سے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے صبر کی تلقین کی ہےاور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مولانا مرحوم کو جنت الفردوس میں مقام اعلیٰ عطافرمائیں ( آمین )

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مدیر محترم اس پر یس ریلیز کو شائع فرما کر شکر گزار کریں

نیاز احمد فاروقی

سکریٹر ی جمعیۃ علما ء ہند

May 29, 2024