Maulana Farooq Qasmi, a well-known scholar of Partapgarh, was martyred with a sharp weapon

Maulana Farooq Qasmi, a well-known scholar of Partabgarh, was martyred with a sharp weapon

 پرتاب گڑھ کے معروف عالم مولانا فاروق قاسمی کو دھار دار ہتھیار سے شہید کردیا گیا

جمعیۃعلماء ہند کے صدر و ناظم عمومی کا اظہار ملال اور پولس انتظامیہ سے سخت کارروائی کا مطالبہ

نئی دہلی ۸؍جون ۲۰۲۴ : پرتاب گڑھ کے معروف عالم مولانا محمد فاروق قاسمی ناظم جمعیۃ علماء ضلع پرتاب گڑھ کے ساتھ پیش آمدہ ظالمانہ واقعہ اور اس میں ان کی شہادت پر مولانا محمود اسعد مدنی صدر جمعیۃعلماء ہند اور ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی نے گہرے رنج و ملال کا اظہار کیا ہے۔واضح ہو کہ مولانا کو ان کے وطن سون پور گاؤں میں کچھ افراد نے دھار دار ہتھیار سےشہید کردیا اور لاش گھر کے سامنے چھوڑ دی ( انا للہ و ا نا الیہ رجعون) ۔

  مولانا مرحوم جامعہ عبداللہ بن مسعود شہر پرتاب گڑھ کے مہتمم تھے ۔ موصوف جمعیۃ علماء ہند کے مخلص سپاہی اور علاقے میں فریقین میں صلح جوئی اور عوامی خدمت کے لیے معروف تھے۔ اس کے علاوہ متعدد دینی و اصلاحی سرگرمیوں میں معاون اور شریک کار رہے۔ان کے خسر مولانا یار محمد خاں ؒ حضرت شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی ؒ کے خاص شاگرد اور خادم تھے ۔پورا خاندان خانوادۂ مدنی کی محبت وعقیدت کا اسیر ہے اور گھر کا ہر فرد حفظ قرآن کی نعمت کا حامل ہے ۔

  جمعیۃ علماء ہند نے اس قلق آمیز حادثہ پر اہل خانہ کے ساتھ اظہار یگانگت کیا ہے اور یوپی سرکار اور پولس انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتل کو قرار واقعی سزا دی جائے ۔اس موقع پر صدر جمعیۃعلماء ہند نے جمعیۃ کے جمیع احباب و متعلقین اور ارباب مدارس سے مولانا موصوف کے لیے ایصال ثواب اور دعائے مغفرت کے ا ہتمام کی اپیل کی ہے اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام حاصل ہو (آمین)

دریں اثنا جمعیۃ علماء پرتاب گڑھ کا ایک وفد صدر جمعیۃ علماء پرتاب گڑھ مفتی جمیل الرحمن کی قیادت میں سون پور گاؤں پہنچ گیا ہے ۔ وفد نے پولس انتظامیہ سےملاقات کرکے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو فورا گرفتار کیا جائے اور اہل خانہ کو تحفظ فراہم کیاجائے ، مزید اہل خانہ کو پچاس لاکھ مالی معاوضہ دیا جائے ۔ جمعیۃعلماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی سون پور گاؤ ں کے لیے دہلی سے روانہ ہوگئے ہیں ، جہاں وہ اہل خانہ سے مل کر تعزیت مسنونہ پیش کریں گے۔

------------------------------------------------

مدیر محترم اس پر یس ریلیز کو شائع فرما کر شکر گزار کریں

نیاز احمد فاروقی

سکریٹر ی جمعیۃ علما ء ہند

June 8, 2024