Dawat e Islam Programe

شعبہ دعوت اسلام جمعیۃ علماء ہند کے پندرہ روزہ پروگرام برائے محاسبہ ایمان کا افتتاح

مصطفی آباد میں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری نے پروگرام میں خطاب کیا


جولائی25: بروزا توار مدینہ مسجد مصطفی آباد میں محاسبہ ایمان کانفرنس کے نام سے آٹھ روزہ پروگرام کا افتتاح کیا گیا۔ جس میں اسکول وکالج کے نوجوانوں کو اسلام کی بنیادی تعلیمات سے روشناس کرایا جائے گا۔ اتوار کو اس کے افتتاحی اجلاس میں مولانا حکیم الدین صاحب قاسمی ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند، مولانا شفیق احمد قاسمی آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند، مولانا محمد یاسین جہازی وغیرہ نے مرکزی دفتر جمعیۃ علماء ہند سے شرکت کی۔ مولانا حکیم الدین قاسمی نے اپنے خطاب میں لوگوں کو اپنے اور اپنے اہل و عیال کے تحفظ کی اہمیت و ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج کل ایسی تحریکیں چل رہیں، جن سے مسلمانوں کے دلوں سے رسول اللہ کی محبت کو نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے؛ لیکن مسلمان اپنے نبی سے پہلے سے کہیں زیادہ محبت و شیفگی کا اظہار کرکے یہ ثابت کردکھائیں گے کہ نبی سے محبت ان کے ایمان کا اہم حصہ ہے۔ مولانا نے مزید کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام شعبہ مرکز دعوت اسلام کے تحت ملک کے مختلف حصوں میں مسلمانوں کے ایمان کے محاسبہ کے لیے ایک تحریک چلائی جارہی ہے، جس میں ہر مسلمان کو شرکت ضرور کرنی چاہیے۔ اور اسی دعوت کو لے کر آج ہم آپ کے یہاں آئیں۔
اس سے پہلے مولانا محمد یاسین جہازی نے اپنی تقریر میں مسلمانوں کی آبادی، تعلیمی صورت حال اور ایمان و اسلام کی تحریکوں کا ڈیٹا پیش کرتے ہوئیے بتایا کہ مصطفی آباد میں صرف تیس فی صد مسلمان ہی مدارس، مساجد اور تبلیغی جماعت سے جڑے ہوئے ہیں، باقی ستر فی صد مسلمان ان تحریکوں سے دور ہیں، جن سے ان کا ایمان کمزور اور ختم ہوتا جارہا ہے۔ اس لیے ہر مسلمان کو اپنے ایمان کا محاسبہ کرنے کی سخت ضرورت ہے۔
معلومات کے لیے عرض کردوں کہ جمعیۃ علماء ہند مسلمانوں کے ایمان کے تحفظ و محاسبہ کے لیے پندرہ روزہ پروگرام کا ایک خاکہ تیار کیا ہے جس کا دہلی میں مدینہ مسجد مصطفیٰ آباد سے باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ اس افتتاحی اجلاس میں مرکزی دفتر جمعیۃ علماء کے درج بالا افراد کے علاوہ مقامی علمائے کرام میں سے مولانا عبد الکریم مہتمم مدرسہ دارالعلوم محمودیہ مصطفی آبا د، مفتی شوقین صدر جمعیۃ علماء حلقہ مصطفیٰ آباد، مفتی عارف امام مسجد قبا، مولانا محمد احمد کریمی سکریٹری جمعیۃ علماء حلقہ مصطفی آباد، قاری محمد ارشد خازن جمعیت علمائے حلقہ مصطفیٰ آباد، مفتی محفوظ الرحما ن امام مسجد نور جہاں، مفتی محمد طاہر امام مسجد فاروقیہ وصد رجمعیت علمائے حلقہ چاندنی باغ، مولانا آس محمد خاز جمعیت علمائے حلقہ چاندنی باغ و امام مسجد اقصی، مفتی محسن نائب صدر جمعیت علمائے حلقہ چاندنی باغ، قاری محمد ہاشم، محمد زید اورمفتی محمد عاقل امام و خطیب مکہ مسجد نے شرکت کی، جب کہ مولانا اخلاق حسین قاسمی امام و خطیب مدینہ مسجد مصطفٰی آباد، مولانا محمد عاقل، مولانا مہدی حسن نے انتظامی فرائض انجام دیے۔

July 25, 2022