A delegation from Dargah Khawaja Gharib Nawaz visited Jamiat Ulama - Hind HQ
درگاہ اجمیر شریف سے جمعیۃ علماء ہند کا تاریخی رشتہ ہے
درگاہ خواجہ غریب نوازؒ کے ایک وفد نے جمعیۃ علماء ہند کے صدر دفتر کا دورہ کیا

نئی دہلی  14؍ نومبر: درگاہ شریف حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری ؒ کے ایک وفد نے آج مرکزی دفتر جمعیۃ علماء ہند نئی دہلی پہنچ کر صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی سے ملاقات کی۔ وفد میں جناب سید عبدالواحد چشتی انگارہ شاہ،سید مصبر حسین چشتی خادم درگاہ خواجہ صاحب اور حاجی اسرار احمد خاں چیئرمین پٹھان فائونڈیشن شامل تھے ۔اس موقع پرصدر جمعیۃ علماء ہند مولانا مدنی، ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی اور مولانا نیاز احمد فاروقی و دیگر نے پھول کے گلدستہ سے ان کا استقبال کیا ۔
مولانا مدنی نے اپنی گفتگو میں درگاہ کے تاریخی و مذہبی کردار پر روشنی ڈالتے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ ہندستان میں حضرات صوفیاء کرام بالخصوص حضرت خواجہ غریب نواز ؒ نے اصلاح وتربیت کے جتنے بلند اخلاقی دائرے بنائے ہیں اور اپنی انسانیت دوستی ، نیک نفسی کے ذریعہ ہندستانی سماج میں جتنے اعلیٰ نقوش چھوڑے ہیں ، وہاں تک فلسفہ ونظر کی رسائی نہ ہوسکی ۔کردار وعمل کی یہی صداقت ہے جس کی عظمتوں کے سامنے دل ونگاہ بھی جھک جاتے ہیں ۔آج اسی کردار کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے ، نیز مسلمانوں کے سبھی طبقات کے درمیان اتحاد و ہم آہنگی کے لیے اجمیر شریف سب سے بڑے مرکز ی کردار کا حامل ادارہ ہے ۔
مولانا مدنی نے کہا کہ جمعیۃ کے بیشتر اکابر کا روحانی سلسلہ حضرت خواجہ صاحب سے منسلک ہے ۔حضرت خواجہ رحمہ اللہ کا قول ہے کہ طریقت اور تصوف خدا کی محبت اور اس کے بندوں کی خدمت کے دو عناصر سے وجود میں آتا ہے اوراسی کا نام ولایت ہے ۔ طریقت اور ولایت کے اسی تصور کو جمعیۃ علماء ہند کے اکابرنے اپنی کردار سے روشن اور قائم کیا ۔مولانا مدنی سے ملاقات کے بعد وفد نے جمعیۃ علماء ہند کی لائبریری کا بھی دورہ کیا اور جمعیۃ پر پرزینٹیشن کے ذریعہ معلومات حاصل کی ۔  سید عبدالواحد چشتی انگارہ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کا درگاہ اجمیر شریف سے تاریخی رشتہ رہا ہے ۔ آزادی وطن کے بعد اس کی بازیابی میں جمعیۃ نے جو کردار ادا کیا ہے، وہ تاریخ میں زریں حروف سے نقش ہے ۔انھوں نے عرس کے موقع پر جمعیۃ کی طبی خدمات کی بھی ستائش کی ۔
۔۔۔۔۔
مدیر محترم

اس پر یس ریلیز کو شائع فرما کر شکر گزار کریں
نیاز احمد فاروقی
سکریٹر ی جمعیۃ علما ء ہند
 
Nov. 14, 2022