مولانا سید شاہ فخرالدین اشرف کچھوچھوی کے انتقال پرجمعیۃ علماء ہند کا اظہار تعزیت
نئی دہلی ۱۰؍مارچ ۲۳ئ: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی جو ان دنوں زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے ترکی میں ہیں، انھوں نے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے نائب صدر مولانا سید شاہ فخرالدین اشرف کچھوچھوی سجادہ نشین خانقاہ مخدوم اشرف کچھوچھہ شریف کی وفات پر گہر ے رنج والم کا اظہار کیا ہے ۔مولانا مرحوم اپنے معروف حلقہ ارادت کی فکری و دینی اصلاح کے علاوہ ملی کاز کے لیے بھی کافی سرگرم رہتے تھے ۔آپ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ اور اس کے مقاصد سے گہری دل چسپی رکھتے تھے ، نیز ملت کے مشترکہ مسائل میں اتحاد اور باہمی ارتباط کے حامی تھے۔ان کی وفات سے ملی ، دینی و علمی حلقے میں بڑا خلاپیدا ہوا ہے ۔
مولانا مدنی نے مولانا مرحوم کے اہل خانہ،متعلقین و متوسلین بالخصوص آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر حضرت مولانا سید رابع حسنی ندوی دامت برکاتہم ، خانقاہ مخدوم اشرف کچھوچھہ شریف کے ذمہ داروں کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کی ہے ۔مولانا مدنی دعاء گو ہیں کہ اللہ ر ب العزت ان کی مغفرت فرمائیںاور ان کے درجات بلند فرمائیں ۔
دریں انثاء جمعیہ علماء کا ایک وفد مولانا کلیم اللہ قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء اترپردیش کی سربراہی میں کچھوچھہ شریف پہنچا، نماز جنازہ میں شرکت کی اور اہل خانہ کی خدمت میں صدر جمعیہ علماء ہند کی طرف سے تعزیت مسنونہ پیش کی، وفد میں سربراہ کے علاوہ مولانا وصی احمد قاسمی ناظم جمعیۃ علماء ضلع امبیڈکر نگر، مولانا ابوطالب قاسمی ، کیپٹن شبیر احمد ، نعمت اللہ ایڈوکیٹ ، عبدالمجید ایڈوکیٹ بھی شامل ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔