A one-day meeting of Working Committee of Imarat-e-Sharaiyah Hind
 امارت شرعیہ ہند کی مجلس شوریٰ کا ایک روزہ اجلاس منعقد
امارت کانفرنس کے انعقاد اور سوشل میڈیا کے ذریعہ دعوتی و اصلاحی سرگرمیوں کو جاری کرنے کی تجاویز منظور

نئی دہلی  ۱۵؍مئی ۲۰۲۳ء :امارت شرعیہ ہند کی مجلس شوریٰ کا ایک روزہ اجلاس امیر الہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی صدر جمعیۃ علماء ہند کے زیر صدارت آج مفتی کفایت اللہ میٹنگ ہال واقع صدر دفتر جمعیۃ علماء ہند نئی دہلی میں منعقد ہوا ،جس میں ملک بھر سے امارت کے ارکان شوریٰ اور امرائے شریعت شریک ہوئے۔ اجلاس میں خاص طو ر سے محاکم شرعیہ کے نظام کی توسیع، دستور کی روشنی میں امارت کے دائرہ کار میں اضافہ،معاشرہ میں دینی بیداری اور عائلی معاملات کو دین کی روشنی میں حل کرنے کی ترغیب کے ساتھ مرکزی دفتر کے نظام کو مستحکم کرنے پر غور و خوض ہوا ۔
  اس موقع پر نائب امیر الہند حضرت مولانا مفتی سیدمحمد سلمان منصورپوری نے سابقہ کارروائی کی خواندگی کی اور امارت شرعیہ ہند کی موجودہ سرگرمیوں کا اجمالی جائزہ پیش کیا جس میں ملک کے مختلف صوبوں میں سرگرم عمل محاکم شرعیہ ، ان سے متعلق تربیتی کیمپوں کے انعقاد ،رؤیت ہلال کمیٹی ، اصلاح معاشرہ اور وظائفِ بیوگان کی وغیرہ پر روشنی ڈالی اور آگے کا ایجنڈا پیش کیا ۔

امیر الہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی نے اپنے صدراتی کلمات میں امارت شرعیہ ہند کے قیام اور پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے موجودہ وقت میں امارت کی عصری معنویت پر سیر حاصل بحث کی اور فرمایا کہ ہمارے بزرگوں نے اس ملک کی صورت حال کو سامنے رکھ کر اس کے قیام کا منصوبہ بنایا تھا، اگر ہم آج کے حالات کا جائزہ لیں تو ہمیں اپنے بزرگوں کی دور اندیشی اور بالغ نظری کا اندازہ ہو تا ہے۔آپ نے فرمایا کہ موجودہ حالات میں اس کی ضرورت مزید بڑھ جاتی ہے کہ معاشرتی اصلاح اور دینی شعور کی بیداری کے سا تھ عائلی مسائل کو شریعت کی روشنی میں حل کرنے کے نظام کو جگہ جگہ قائم کیا جائے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ اگر عوام کی ایسی ذہن سازی ہوگئی تو بہت سی الجھنوں سے بچا جاسکتا ہے ۔نیز آپ نے امارت شرعیہ کے کاموں کو مزید آگے بڑھانے پر بھی ز ور دیا ۔

حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی مہتمم دارالعلوم دیوبند نے امارت شرعیہ ہند کے شعبہ بیت المال کے ذریعہ ضرورت مندوں کے تعاون میں اضافہ کی تجویز پیش فرمائی اور فرمایا کہ جس مد میں جو بھی رقومات حاصل ہوں ، انھیں جلد ازجلداپنے مصارف میں خرچ کیا جائے ۔
حضرت مولانا محمود اسعد مدنی صدر جمعیۃ علماء ہند نے نوجوان نسل میں بڑھتی ہوئی بدعملی اور بد دینی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی اصلاح کی طرف خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔

مجلس شوری نے غور وخوض کے بعد طے کیا کہ معاشرتی امور اور عائلی مسائل سے متعلق شرعی احکام پر اصلاح معاشرہ کے پروگرام منعقد کیے جائیں نیز شعبہ نشرو اشاعت کے ذریعہ اصلاحی کتابچے تیار کیے جائیںاور ملک کی علاقائی زبانوں میں ان کی طباعت کا انتظام کیا جائے۔ مجلس شوری نے سوشل میڈیا کے ذریعہ شرعی رہ نمائی کی ضرورت محسوس کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ سوشل میڈیا پر چھوٹی آڈیو، ویڈیو کلپس کے ذریعہ معترضین ِاسلام کو مدلل اورٹھوس جواب دینے کی کوشش کی جائے۔ چنانچہ مولانا مفتی سید معصوم ثاقب قاسمی کو مکلف کیا گیا کہ وہ اس میدان میں کام کرنے والے علماء سے رابطہ کرکے جلد ہی ایک رپورٹ پیش کریں۔

مجلس شوری نے امارت کے کاموں کے تعارف اور محاکم شرعیہ کے نگراں و ذمہ داروں کی عملی تربیت کے لیے ’امارت کانفرنس‘ کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا جو ۵۔۴؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء مطابق ۱۹۔۱۸؍ ربیع الاول ۱۴۴۵ھ بروز بدھ جمعرات بمقام دہلی منعقد ہو گی ۔مجلس شوریٰ نے اس موقع پر یہ طے کیا کہ فتویٰ نویسی کے کام کے لیے ایک مشّاق مفتی اور مرکزی دفتر کے امور کی انجام دہی کے لیے ایک فعال منتظم کا تقرر کیا جائے ۔اس کے علاوہ مجلس شوریٰ میں نکاح سے قبل زوجین کی معاشرتی تربیت پر بھی غور و خوض ہوا۔

اجلاس میں حضرت امیر الہند کے علاوہ حضرت مولانا محمود مدنی صدر جمعیۃ علماء ہند،حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی مہتمم و شیخ الحدیث دارالعلوم دیوبند، حضرت مولانا مفتی سید محمد سلمان منصورپوری نائب امیر الہند، حضرت مولانا نعمت اللہ اعظمی استاذ حدیث دارالعلوم دیوبند، حضرت مولانا عبدالعلیم فاروقی امیر شریعت اترپردیش،حضرت مولانا یحییٰ باسکنڈی امیر شریعت نارتھ ایسٹ، حضرت مولانا محمد فاروق امیر شریعت اڈیشہ، حضرت مولانا عبدالمجید امیر شریعت صوبہ تمل ناڈ، حضرت مولانا زین العابدین، حضرت مولانا محمد شمیم احمد قاسمی امیر شریعت صوبہ دہلی ، حضرت مولانا عبداللہ ناصرصدر جمعیۃ علماء بنارس، حضرت مولانا ابوالحسن یعقوب نائب امیر شریعت تمل ناڈو، حضرت مولانا محمد افتخار صدر جمعیۃ علماء کرناٹک، حضرت مولانا حکیم الدین قاسمی ناظم عمومی جمعیۃ علما ء ہند،حضرت مولانا مفتی معصوم ثاقب قاسمی ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند، حضرت مولانا صدیق اللہ چودھری صدر جمعیۃ علماء مغربی بنگال، حضرت مولانا قاری محمد امین صدر جمعیۃ علماء راجستھان، مولانا قاری محمد شوکت علی خازن جمعیۃ علماء ہند،حضرت مولانا سید ازہر مدنی ناظم جمعیۃ علماء ہندشریک تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مدیر محترم ، آداب و تسلیمات !
اس پریس ریلیز کو شائع فرماکر شکر گزار کریں
عبدالملک رسول پوری
 امار ت شرعیہ ہند
May 15, 2023