میوات میں جمعیۃ کی طرف سے فساد متاثرہ یومیہ تاجروں میں ریہڑھی تقسیم
جمعیۃ کے وفد نے ماب لنچنگ کے شکار ہوئے وسیم کے اہل خانہ سے ملاقات کی
نئی دہلی ۲۲؍اگست ۲۳ : جمعیۃ علما ء ہند کے وفد نے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں موساری تھانہ ٹپوکرا تحصیل تجارہ پہنچ کر ماب لنچنگ کا شکار ہوئے شہید محمد وسیم کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور جمعیۃ کی طرف سے وقتی طور پر مالی مدد کی۔ وسیم کا تعلق ایک غریب پریوار سے ہے جو لکڑی بیچ کر گزارہ کرتا ہے ، وسیم کے لواحقین میں ایک بیوی اور چار چھوٹے چھوٹے بچے ہیں ۔ جمعیۃ علماء ہند کے وفد نے ان کی ہرممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے ، واضح ہو کہ جمعیۃ میوات میں ماب لنچنگ کے شکار ہوئے کچھ ضرورت مند خاندانوں کو ماہانہ وظیفہ بھی دیتی ہے ۔
دوسری طرف جمعیۃ علماء ہند شروع دن سے میوات فساد متاثرین کی مدد کررہی ہے ، اس نے آج سوہنا میں متاثرہ یومیہ تاجروں کے درمیان ریہڑی تقسیم کی ہے تا کہ وہ خودکفیل ہو کر اپنا گھربار چلا سکیں ۔اس موقع پر مستفیدین میں سے ایک اظہرالدین ابن حنیف نے جمعیۃ علماء ہند کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ فروٹ کا کاروبار کرتے تھے ، شرپسندوں نے اسے جلادیا تھا، اس کے بعد وہ بے روزگار ہیں ، جمعیۃ نے ان کی مدد کی ہے، ہم اللہ کے حضور شکر گزار ہیں ۔اس کے علاوہ جمعیۃ علماء ہند نے نام بنام ان 211افراد کی فہرست حاصل کی ہے ، جن کو میوات فساد میں ملزم بنایا گیا ہے، ان میں بہت سارے افراد نہایت غریب ہیں اور اپنی بے قصوری کا اقرارکررہے ہیں، جمعیۃ علماء ہند قانونی طور سے بھی ان کی مدد کرے گی ۔
جمعیۃ علماء ہند کے وفد میں شامل ہیں: مولانا حکیم الدین قاسمی ناظم عمومی جمعیۃعلماء ہند، مولانا یحیی کریمی ناظم اعلیٰ ریاست ہریانہ ، پنجاب وہماچل پردیش، مولانا غیور احمد قاسمی، مولانا معظم عارفی ، مفتی سلیم ساکرس، ماسٹر قاسم مہوں، مولانا ساجد ، مولانا سفیان ، حافظ یامین ، مولانا اظہر الدین امن فیلو شپ۔
Related Press Releases