جمعیۃ علماء ہند کے ساتھ مل کر سماجی خدمت اور قوم کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں
مدنی سیکنڈری اسکول میں منعقدہ پرتیبھا سمان تقریب سے مولانا حکیم الدین قاسمی کا خطاب۔
پوکرن، 6 جون: مدرسہ اسلامیہ پوکرن کے زیر انتظام مدنی سیکنڈری اسکول میں مدرسہ کے سربراہ قاری محمد امین صدر جمعیۃ علماء راجستھان کی صدارت میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کے مہمان خصوصی مولانا حکیم الدین قاسمی (جنرل سکریٹری، جمعیۃ علماء ہند، نئی دہلی) اور ڈاکٹر عبدالملک رسول پوری (پروفیسر، دہلی یونیورسٹی) تھے۔ اس موقع پر مدنی سیکنڈری اسکول اور جمعیۃ اسٹڈی سینٹر کے طلبہ کو بورڈ کے امتحانات میں بہترین کارکردگی پر یادگار نشانات سے نوازا گیا۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند اپنے قیام کے بعد سے ہی ملک اور سماج کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ جمعیۃ علماء کا اصل مشن معاشرے کے تمام استحصال زدہ اور محروم طبقات کی بہتری اور فلاح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کی کوشش ہے کہ معاشرے کا ہر فرد قوم کے لیے مفید اور نفع بخش بنے اور انسانی خدمت کی اہمیت کو سمجھ کر اس کے لیے وقف ہو جائے۔ اس مقصد کے لیے جمعیۃ علماء ہند پورے ملک میں جمعیت یوتھ کلب اور جمعیۃ اسٹڈی سینٹر چلا رہی ہے اور اس کے ذریعے پورے ملک میں ہر نوجوان کو معاشرے اور قوم کی خدمت کے قابل بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس موقع پر انھوں نے مدنی سیکنڈری اسکول اور جمعیت اسٹڈی سینٹر کے ہونہار طلبہ کی محنت کو سراہا اور انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کامیابی کے اس سفر کو جاری رکھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے جمعیۃ اسٹڈی سینٹر کے بہترین انتظام پر مدرسہ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور جمعیۃ علماء کی تمام فلاحی اسکیموں کو مزید موثر انداز میں نافذ کرنے پر زور دیا۔
پروگرام کے اہم مہمان پروفیسر عبدالملک رسول پوری قاسمی نے بورڈ کے امتحان میں مدنی سیکنڈری اسکول کی بہترین کارکردگی پر اسکول انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ تعلیم کی اہمیت کو سمجھیں اور خود کو اس کے لیے وقف کریں۔ انھوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے ہی انسان زندگی گزارنے کے ہنر اور آداب سیکھتا ہے اور آج کے مسابقتی دور میں کامیابی کے لیے عام تعلیم کافی نہیں، بلکہ معیاری اور بہترین تعلیم کی ضرورت ہے جس کے لیے محنت اور کوشش درکار ہے۔ انہوں نے مدنی اسکول کے بہترین انتظام کو سراہا۔
نیو فیتھ مشن اسکول پوکرن کے ڈائریکٹر انصاف علی نے تعلیمی میدان میں مدنی اسکول کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے اسکول انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور حال ہی میں جاری ہونے والے بورڈ کے نتائج میں اسکول کی بہترین کارکردگی کو مثالی قرار دیا۔
اس موقع پر حافظ دین محمد، حافظ عبید اللہ، مولانا عبدالحئی، مولانا ارشد، مولانا (کیپٹن) رحمت اللہ، مولانا اسماعیل، حافظ ولی محمد، مفتی سعید احمد، جمعیت یوتھ کلب کے ریاستی آرگنائزر مولانا ابراہیم غفوری و دیگر اہم ذمہ داران موجود تھے۔ پروگرام میں مولانا الیاس پٹودی اور مولانا اخلاق احمد نے صدارت کی جبکہ پرنسپل اے رحمان نے اظہار تشکر کیا۔
Related Press Releases